نئی دہلی، 27 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں گرجا گھروں پر حملوں کے بعد کانگریس نے مرکز پر حملہ کیا اور وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکاارجن کھڑگے نے پیر کو کہا کہ ہریدوار میں نفرت انگیز تقاریر، گرجا گھروں پر حملے، مذہب کے نام پر قتل، یہ سب سماج اور ریاست کے زوال کی بڑی علامتیں ہیں۔ ہندوستان اس بات کی مثال بنتا جا رہا ہے کہ جب ادارے ناکام ہو جائیں تو جمہوریت کتنی جلدی گر سکتی ہے۔ ہریدوار میں نفرت انگیز تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے وزیر اعظم کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ایم نے لوگوں کو یسوع مسیح کی تعلیمات کو یاد رکھنے کی ترغیب دی تو ہریانہ کے ایک پرائیویٹ اسکول میں شرپسندوں نے کرسمس کے پروگرام میں خلل ڈالا، یہ شرپسند کون ہیں؟ رپورٹس کے مطابق انہوں نے جئے شری رام اور بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگائے۔